ضلع کونسل سرگودھا میں 50 کروڑ روپے مالیتی ترقیاتی سکیموں کے بجٹ کی تقسیم

سرگودھا (سٹاف رپورٹر) ضلع کونسل سرگودھا میں 50 کروڑ روپے مالیتی ترقیاتی سکیموں کے بجٹ کی تقسیم پر پی ٹی آئی کے ارکان اسمبلی میں باہمی کشیدگی کا خطرہ، ضلع کونسل کے افسران نے معاملے کے حل کیلئے سر جوڑ لیے، تفصیلات کے مطابق حکومت پنجاب نے نئے بلدیاتی سیٹ اپ کے نفاذ کے بعد بلدیاتی اداروں کو رواں سال ترقیاتی کاموں کی مد میں رکھے جانے والے بجٹ کو استعمال کرنے کی باضابطہ طور پر اجازت دے دی ہے۔ جس کو سامنے رکھتے ہوئے تحصیل کونسل و سابق ضلع کونسل سرگودھا نے 50 کروڑ روپے مالیتی تخمینہ پر مشتمل سینکڑوں سکیموں کو 164 یونین کونسلز پر مساویانہ تقسیم کرتے ہوئے 30 لاکھ 48 ہزار 778 روپے فی یونین کونسل فراہم کرنے کا ایجنڈا تیار کرلیا ہے لیکن اس کے برعکس پی ٹی آئی کے کامیاب ہونے والے ارکان اسمبلی کے مابین اپنے اپنے حلقوں میں سکیموں پر کشیدگی سمیت حکومتی ہدایات کے مطابق نئی ایسی سکیمیں جن میں مکمل طور پر ڈیڈ واٹر سپلائی، سیوریج، ویسٹ مینجمنٹ، گٹروں کے ڈھکن، سیوریج کی پائپ لائنوں کی مرمت و تبدیلی جیسی سکیمیں شامل کی جاسکتی ہیں جبکہ اس کے برعکس ارکان اسمبلی کی طرف سے افسران پر دباؤ ڈالا جاسکتا ہے کہ وہ ان کے حلقوں میں سابقہ دی جانے والی پرانی سڑکات، سولنگ، ٹف ٹائل جیسی سکیمیں مکمل کروائیں۔ اس کشیدگی اور پیچیدگی کو سامنے رکھتے ہوئے ضلع کونسل و موجودہ تحصیل کونسل کے افسران سرجوڑ کر بیٹھ گئے ہیں۔ یاد رہے کہ حکومت پنجاب کی طرف سے ان سکیموں پر مشتمل ایجنڈا 30 نومبر سے قبل متعلقہ انتظامیہ کو فراہم کرنے کا حکم دیا گیا ہے تاکہ ان سکیموں پر اعتراضات کے بعد باضابطہ منظوری دے کر ترقیاتی کام شروع کروائے جاسکیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *