ڈپٹی کمشنر آفس میں محکمہ بہبود آبادی کی طرف سے لگایا جانے والا کاؤنٹر ویران پڑا ہے

سرگودھا (سٹاف رپورٹر) سرگودھا سمیت صوبہ بھر میں آبادی کے بڑھتے ہوئے تناسب کو روکنے کیلئے ڈپٹی کمشنر آفس میں لگایا جانے والا آگاہی کاؤنٹر ویران، خواتین کا رجحان نہ ہونے کے باعث کاؤنٹر پر تعینات خاتون ملازمہ نے سیاسی اثر ورسوخ کے باعث اپنی تعیناتی کے احکامات منسوخ کروالیے۔ تفصیلات کے مطابق حکومت پنجاب کے احکامات کی روشنی میں صوبہ بھر کی طرح محکمہ پاپولیشن ضلع سرگودھا کی طرف سے بھی ضلع بھر میں درجنوں مقامات پر پاپولیشن انفارمیشن کاؤنٹر لگائے گئے ہیں تاکہ مردوخواتین میں شعور و آگاہی پیدا کرکے انہیں کم بچوں کی افادیت کی طرف راغب کیا جاسکے۔ ڈپٹی کمشنر آفس کے اندر لگائے جانے والے اس کاؤنٹر پر محکمہ کی طرف سے مرد اور خاتون کی تعیناتی کی گئی تاکہ ڈپٹی کمشنر میں آنے والے مردوخواتین سائلین کو اس مہم سے متعلقہ آگاہی دی جاسکے۔ ذرائع کے مطابق تعینات کی جانے والی خاتون ملازمہ نے دو دن حاضری دینے کے بعد اثرورسوخ کے باعث اپنی تعیناتی کے احکامات منسوخ کروالیے ہیں تاہم ڈسٹرکٹ آفیسر پاپولیشن نے رابطہ کرنے پر بتایا کہ ڈپٹی کمشنر آفس میں چونکہ مردوں کی تعداد زیادہ اس لیے متعلقہ خاتون کی نشاندہی پر اس کے احکامات منسوخ کئے گئے ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *